مریم ٹبہ خان

محترمہ مریم ٹبہ خان نے انسانی خدمت سے سرشار اپنے والد محترم جناب عبدالرزاق ٹبہ کی افسوس ناک اور اچا نک رحلت کے بعد جون 2005 میں فوری طور پر غیر کاروباری ادارے ٹبہ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ (THI) میں ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ گو کہ آپ نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے لیکن اپنے والد مرحوم کی زندگی میں آپ نے ان کے کاروباری معاملات میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ لیکن والد محترم کی وفات کے بعد آپ نے جدید سہولیات سے آراستہ ٹبہ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کا چارج سنبھال لیا۔ یہ ہسپتال مستحق اور صاحب اسطاعت افراد کو یکساں بنیادوں پر پیشہ ورانہ مہارتوں اور پوری توجہ کے ساتھ اپنی خدمات پیش کرنے میں کوئی کسر نہیں رکھتا۔ ہسپتال ISO 9001:2005اور ISO 14001:2005 حامل ہونے کے ساتھ ساتھ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) سے بھی تسلیم شدہ ہے اور کارڈیالوجی، کارڈیوتھوراسس سرجری، انٹر وینشنل کارڈیالوجی اور کارڈیو تھوراسس اینستھیزیا میں پوسٹ گریجویٹ کی سطح پر تربیت بھی فراہم کر رہا ہے۔ (ٹی ایچ اے) کارڈیاک نرسنگ میں ڈپلومے کی تعلیم بھی فراہم کر رہا ہے جو پاکستان نرسنگ کونسل (PNC) سے تسلیم شدہ ہے۔

ٹبہ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے امراض قلب کے سلسلے میں پیش کی جانے والی خدمات کو بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر مریم صاحبہ کا ''ڈی ایچ اے ڈائیگنوسٹک اینڈ کنسلٹیشن سینٹر'' کے قیام کا خواب بھی اپریل 2018 میں حقیقت بن گیا۔

یہ معروف سینٹر ٹبہ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے امراض قلب کے سلسلے میں اخلاص کے ساتھ پیش کی جانے والی خدمات کا مظہر ہے جو کہ ایک ہی چھت تلے کنسلٹیشن کلینکس، لیبارٹری، فارمیسی اور نان انویسیو ڈائیگنوسٹک سروسز جیسی سہولیات پر مشتمل ہے۔ یہ سینٹر اس مقصد کے پیش نظر قائم کیا گیا ہے کہ امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو اعلی تجربہ کار ماہرین امراض قلب کی خدمات اور امراض قلب سے متعلق علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کی جا ئیں۔

آپ کی بے لوث لیڈر شپ کے تحت ٹبہ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ایشیاء میں پہلی مرتبہ نیکسٹ جنریشن کیتھ لیب کی تنصیب کی گئی ہے جس سے ان کے اس عزم کا اظہار ہوتا ہے کہ آپ مسلسل بہتری پر یقین رکھتی ہیں۔ آپ کی لیڈر شپ میں ہی جون 2018 میں ٹبہ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے کامیابی کے ساتھ اپنی نوعیت کے منفرد ایمرجنسی فرسٹ ایڈ اور لیبارٹری کلیکشن یونٹ کا آغاز بھی کیا گیا ہے، یہ افتتاح جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے شاپنگ مال لکی ون مال میں کیا گیا ہے جس میں لیبارٹری سروسز کے ساتھ ساتھ اعلی معیار کی فرسٹ ایڈ اور فوری طبی امداد کی سہولیات بہم فراہم کی گئی ہیں۔ آپ ہسپتال کی کل وقتی چیف ایگزیکیٹیو آفیسر ہیں اور آپ کی موجودگی پورے اسٹاف کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہے۔

TOP